اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھانا انتہائی خوش آئند ہے۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویزالہٰی کی زیرِ صدارت کورونا وائرس کے معاملے پر قائم پارلیمانی کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزیر قانون پنجاب راجا بشارت سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔
اجلاس میں حکومت پنجاب کی جانب سے ٹیسٹنگ کی صلاحیت بڑھائے جانے کو خوش آئند قرار دیا گیا اور فرنٹ لائن پر فرائض انجام دینے والے ڈاکٹروں کو سلام پیش کیا گیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد اور سیکریٹری صحت محمد عثمان نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔
چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے مریضوں کے ٹیسٹوں کے معیار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے بتایا کہ ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔