سکھر (بیورو رپورٹ) چیمبر آف کامرس کی جانب سے وزیر اعلیٰ سندھ کے دورہ سکھر کے موقع پر تاجر برادری کو نظر انداز کئے جانے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔ چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر محمد اسلام مغل، نائب صدر چوہدری زاہد اقبال ودیگر نے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیاں معطل ہونے اور سرمایہ کی گردش رک جانے کی وجہ سے تاجروں کو معاشی دشواریاں پیش آرہی ہیں۔ ایوانِ صنعت وتجارت سکھر کی تاجر برادری کے مسائل اور زمینی حقائق پر مبنی گزارشات وزیرِ اعلیٰ سندھ کے سامنے پیش کرنا چاہتا تھا مگر وزیر اعلیٰ کے شیڈول میں تاجروں اور چیمبر آف کامرس کو یکسر نظر انداز کیا گیا، ہم اس روش کو تاجر دشمن تصور کرتے ہیں اور انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ تاجر برادری کو اہمیت دی جائے اور انہیں اس طرح نظر انداز نہ کیا جائے۔