چیئرمین مسلم لیگ نون راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے کہ نیب جنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کےخلاف کارروائی بند کرکے انہیں باعزت طور پر رہا کرے۔
راجہ ظفر الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ میر شکیل الرحمٰن کےخلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہے، انہیں رہا کیا جائے۔
دوسری جانب لاہور کی احتساب عدالت نے میر شکیل الرحمٰن کے خلاف آج ہوئی سماعت میں نیب کی جانب سے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد 10 روز کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی ۔
واضح رہے کہ جنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمٰن کی بلاجواز گرفتاری کے خلاف ملک بھر میں صحافی تنظیمیں، سول سوسائٹی اور سیاسی رہنما سراپا احتجاج ہیں۔