ملتان(پ ر) سرائیکستان قومی کونسل کے زیر اہتمام اجرک سیمینار کے پہلے سیشن سے خظاب کرتے ہوئے سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ سرائیکی صوبہ خطے کے لوگوں کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے وسیب کے تمام طبقوں کو محنت کرنا ہو گی۔ اگر خطے کے تمام طبقے متحد ہو جائیں تو صوبہ کل بن جائے گا اور متحد نہ ہوئے تو صوبے کی منزل دشوار ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سرائیکی اس خطے کی قدیم زبان ہے اور اس وسیب کے لوگوں نے سب لوگوں کو محبت دی ہے اور یہ بھی حقیقت ہے کہ اختلاف کے باوجود میں یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ سپریم کورٹ میں آخری بیان میں ذوالفقار علی بھٹو نے سرائیکی زبان کو خراج تحسین پیش کیا۔ سرائیکی صوبہ بننے سے اس خطے کے کروڑوں لوگوں کا فائدہ ہونے کے ساتھ ساتھ وفاق پاکستان کا بھی فائدہ ہے۔ پیپلز پارٹی کے نفیس انصاری نے کہا کہ میں اعلان کرتا ہوں کہ ہم اپنی تنظیم کا نام جنوبی پنجاب ختم کر کے سرائیکی وسیب رکھیں گے کہ اس خطے کی شناخت ہم سب کیلئے فائدہ مند ہے۔ تقریب سے پروفیسر شوکت مغل و دیگر نے بھی خطاب کیا۔