• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجروں کے مطالبے پر شرح سود سنگل ڈیجیٹ کردی، شاہ محمود قریشی

تاجروں کے مطالبے پر شرح سود سنگل ڈیجیٹ کردی، شاہ محمود قریشی


ملتان (نمائندہ جنگ) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تاجروں کے مطالبے پر شرح سود سنگل ڈیجیٹ کردیا جس سے تاجر برادری کو ان کے کاروبار میں ریلیف ملے گا۔انہوں نے کہا کورونا کے حوالے سے پنجاب حکومت کی کارگردگی سے مطمئن ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سرکٹ ہاؤس ملتان میں فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کی طرف سے نشتر ہسپتال کے ڈاکٹروں کیلئے حفاظتی کٹس کی تقسیم کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر خارجہ حفاظتی سامان اپنی ذاتی گاڑی میں اسلام آباد سے ملتان لائے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان کے ڈاکٹروں کی آواز نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں بلند کرونگا۔ کورونا کے حوالے سے ملتان ملک کا سب سے اہم شہر ہے۔ نیشنل کوارڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان اور اسد عمر کو ملتان کے ڈاکٹروں کے مسائل سے آگاہ کروں گا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور وزیر صحت یاسمین راشد ملتان کا دورہ کریں اور کورونا سے لڑنے والے فرنٹ لائن ڈاکٹرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ملک میں 5 نئی لیبارٹریاں بنیں لیکن ملتان میں نہیں بنائی گئی۔بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کیلئے وزارت خارجہ کا کرائسس مینجمنٹ سیل 24 گھنٹے کام کررہا ہے۔ ابتک 39748 پاکستانیوں نے وطن واپسی کیلئے رجسٹریشن کرائی ہے۔ ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔وزارت خارجہ کے کرائسز مینجمنٹ سینٹر سے کسی بھی ملک میں پھنسے پاکستانی رابطہ کرسکتے ہیں۔ ایس او پیز کے مطابق دنیا بھر سے پاکستانی شہریوں کو لایا جائیگا۔ صوبائی حکومتیں ایئرپورٹس کھولنے پر رضا مند ہوگئی ہیں۔

تازہ ترین