امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ ہم آج سے پورے ملک میں رمضان پیکج دینے کا آغاز کر رہے ہیں، ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے افراد کے گھر پر رمضان میں راشن پہنچایا جائے گا۔
گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ رمضان میں دل کھول کر غریبوں کی مدد کریں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ رمضان کے پہلے جمعہ کو جماعت اسلامی کے کارکن مساجد کی صفائی کریں گے، جبکہ شب جمعہ کو ہم شب توبہ کے طور پر منائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ غریب مزدور کے گھر حکومت نے ایک روپیہ بھی نہیں دیا، جبکہ اوور سیز پاکستانیوں کے ساتھ حکومت نے جو کچھ کیا یہ سب نے دیکھ لیا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور امارات میں ہزاروں پاکستانی پھنسے ہیں، جبکہ ٹائیگر فورس سے عمران خان اپنے ممبران کے حلقوں کو مضبوط کر رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ جس غریب سے پوچھتا ہوں اس کو 12 ہزار روپے ملے، اس کا جواب نہ میں ہوتا ہے۔