کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال پہلی پاکستان سپر ہاکی لیگ کا انعقاد ایک بار پھر خطرے میں پڑ گیا ہے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس سال اکتوبر میں اس لیگ کے انعقاد کے لئے ابتدائی تیاری بھی شروع کردی تھی، تاہم کورونا وائرس کے باعث پچھلے ایک ماہ سے پی ایچ ایف کے دفاتر کی بندش اور اسپانسرز کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رابطہ نہیں ہوسکا۔ دوسری جانب پی ایچ ایف کے حکام لیگ کےحوالے سے کوئی کمیٹی بھی تشکیل نہیں دے سکے ہیں، فیڈریشن نے دس سے بارہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ معاہدے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔ پی ایچ ایف کے ذرائع نے جنگ کو بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جن اداروں کے ساتھ مین اور کو اسپانسر شپ کے بارے میں بات چیت ہوئی تھی اس میں سے بیشتر نے مالی مشکلات کے سبب معذرت کرلی ہے۔ جبکہ ٹیموں کی فرنچائز کے لئے جن شخصیات سے رابطہ تھا وہ بھی مثبت جواب دینے سے قاصر ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے حکومت کی بڑا مالی تعاون کرنے کی پوزیشن میں نہیں ۔ کورونا سے بگڑتی ہوئی صورت حال میں غیر ملکی کھلاڑی بھی اس سال بیرون ملک سفر کے لئے رضامند دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔