• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کا بھیجا جانیوالا جواب اطمینان بخش نہیں، نیب






قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور میں منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف آج پھر پیش نہیں ہوئے تاہم ان کا بھیجا گیا جواب موصول ہوگیا، جس پر نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کا بھیجا جانیوالا جواب اطمینان بخش نہیں  ہے۔

نیب ٹیم نے مشاورت کے بعد شہبازشریف کو 4  مئی دن 12 بجے دوبارہ طلبی کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون سب کیلئے برابر ہے ،ذاتی حیثیت میں تفتیشی ٹیم کے روبرو پیش ہواجائے ،نیب کو مطلوبہ معلومات بھی فراہم کی جائیں۔

نیب کی جانب سے شہباز شریف کو ہدایت کی گئی کہ قانون کےمطابق بذات خود پیش ہوں، شہباز شریف اپنے خلاف تحقیقات میں قومی ادارے کیساتھ تعاون کریں۔

واضح رہے کہ نیب  لاہور نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کو آج طلب کر رکھا تھا ۔

نیب لاہور کے مطابق شہباز شریف سے وراثت میں موصول جائیداد کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں، شہباز شریف کو 17 اپریل کو بھی طلب کیا تھا لیکن انہوں نے تحریری طور پر پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی۔

اس سے قبل نیب میں گزشتہ طلبی کے موقع پر شہباز شریف کی جانب سے نیب کو خط ارسال کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈائون کے خاتمے اور ڈاکٹروں کی آئندہ رائے تک طلبی کے نوٹس کو موخر کیا جائے۔

خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ میرے تمام اثاثہ جات کا ریکارڈ ڈیکلئرڈ اور متعلقہ اداروں کے پاس موجود ہے، میری عمر 69سال ہے اور میں کینسر کا عارضہ لا حق رہا ہے جسکی وجہ سے میری قوت مدافعت انتہائی کم ہے ،مجھے ڈاکٹروں نے سختی سے تاکید کی ہے کہ میں کورونا وائرس کی موجودہ جان لیوا صورتحال میں باہر نہ نکلوں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نیب کو مطلوبہ ریکارڈ لاک ڈائون کی وجہ سے موجود نہیں ہے۔

تازہ ترین