اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان کی قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے امریکی ایوان نمائندگان کی خاتون اسپیکر کے نام اپنے حالیہ خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایران مخالف امریکی پابندیوں کی منسوخی سے متعلق اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ بدھ کو پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سید محمد علی حسینی کے نام ایک خط میں اسد قیصر نے کورونا وائرس کے بحران پر ایرانی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کورونا وائرس کیخلاف مقابلہ کرنے کیلئے ایرانی کوششوں پر امریکی پابندیوں کے برے اثرات سے بخوبی باخبر ہیں، اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان نے ایران مخالف امریکی پابندیوں کے برے اثرات کو دنیا میں اجاگر کرتے ہوئے واشنگٹن سے ان پابندیوں کے جلد خاتمے کا مطالبہ کیا۔ اسد قیصر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر سے مطالبہ کیا کہ انکی نیک خواہشات کا پیغام ایرانی حکومت اور عوام بالخصوص ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی کو پہنچا دیں۔