اسلام آباد( نامہ نگار،وقائع نگار،خصوصی رپورٹر) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے تمام پھنسے ہوئے تبلیغی ، زائرین اور بیرون ملک مقیم پاکستانی جن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے یا قرنطینہ مدت پوری ہو چکی ہےان کی فوری واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں کورونا متاثرین سے متعلق قومی اسمبلی کی فنکشنل کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اسپیکر نے شہریار آفریدی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی کے ذریعہ انجام دیئے گئے کام کی تعریف کی ۔ کمیٹی کو بریفنگ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کمیٹی کو پھنسے ہوئے پاکستانیوں اور غیر ملکیوں کی واپسی کے لئے آسان اقدامات کے بارے میں بتایا ۔وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم 7313سے زائد پاکستانیوں کو 17 پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا گیا ہے ۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے 10اکھ کارکنوں کو بیرون ملک بھجوایا ہے جب کہ ملازمت سے محروم افراد کی تعداد 10000سے زیادہ نہیں ہے۔