امیرِ جماعتِ اسلامی اور سینیٹر سراج الحق کہتے ہیں کہ نیب نے جنگ اورجیو نیوز کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کو حبسِ بے جا میں رکھا ہوا ہے۔
’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے امیرِ جماعتِ اسلامی اور سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت میر شکیل الرحمٰن پر کوئی جرم ثابت نہیں کر سکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میر شکیل الرحمٰن پر الزامات سے پاکستانی مطمئن نہیں، نہ ہی عالمی سطح پرکوئی یہ الزام ماننے کو تیار ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک اور بیرون ملک سے ایک ہی آواز اور مطالبہ آ رہا ہے کہ میر شکیل الرحمٰن کو رہا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ 40 دن سے زائد کا وقت گزر گیامگر نیب میر شکیل الرحمٰن پر کوئی الزام ثابت نہیں کر سکا، انہیں انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ بغیر کسی جرم کے جنگ اور جیو کے ایڈیٹر اِن چیف میر شکیل الرحمٰن کو بند کرنا سراسر ظلم ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: مشکل وقت میں سیاسی محاذ آرائی جاری ہے، سراج الحق
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد میڈیا مفلوج ہوگیا ہے، میڈیا سے وابستہ بہت سے کارکن بے روزگار کر دیئے گئے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی و سینیٹر سراج الحق کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو سختی میڈیا پر آج ہو رہی ہے وہ مارشل لاء دور میں بھی نہیں ہوئی تھی۔