ناروے کے دارالحکومت میں سفارتخانہ پاکستان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 25 اپریل بروز ہفتہ کو نارویجین مسافروں کو اسلام آباد سے اوسلو لے جانے والی پی آئی اے کی خصوصی پرواز واپسی پر ناروے میں رکے پاکستانیوں کو بھی پاکستان لے جائے گی۔
سفارتخانے کے ویب سائٹ پر جاری ہونے والے اس بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ اس سلسلے میں سفارتخانہ پاکستان نے اسلام آباد میں متعلقہ حکام سے درخواست کی ہے کہ وہ ناروے سے واپس آنے والے ان پاکستانی مسافروں کو پاکستان آنے کی اجازت دیں۔
بیان میں ناروے میں رکے پاکستانیوں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ 25 اپریل کی اوسلو سے اسلام آباد روٹ پر پی آئی اے کی اس خصوصی پرواز میں سیٹ کے حصول کے لیے فون اور ای میل کے ذریعے اوسلو میں سفارتخانہ پاکستان سے رابطہ کریں۔
واضح رہے کہ معمول کی بین الاقوامی پروازوں کی معطلی سے ناروے سمیت متعدد ملکوں میں بے شمار پاکستانی باشندے رکے ہوئے ہیں۔
یادرہے کہ پاکستان سے نارویجین باشندوں اور نارویجین پاکستانیوں کو ناروے لے جانے کے لیے پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز 25 اپریل کو اسلام آباد سے اوسلو روانہ ہوگی۔
چند روز پہلے اسلام آباد میں ناروے کے سفارتخانہ کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ 25 اپریل کو پی آئی اے کی یہ خصوصی پرواز اسلام آباد سے اوسلو جائے گی۔
قبل ازیں، اس ماہ کے اوائل میں دو پروازیں پاکستان میں موجود سیکڑوں نارویجین پاکستانیوں کو ناروے لے جاچکی ہیں۔ یہ نارویجین پاکستانی پچھلے چند ماہ کے دوران پاکستان آئے تھے اور اب واپس اپنے اہل عیال کے پاس ناروے جارہے ہیں۔ پی آئی اے کی پرواز 9 اپریل کو اسلام آباد سے اوسلو گئی اور اسی طرح اسکینڈے نیوین ائرلائنز (ساس) کی پرواز 11 اپریل کو اسلام آباد سے اوسلو پہنچی تھی۔
پاکستان میں رکے نارویجین پاکستانیوں نے پی آی اے کے انتہائی مہنگے ٹکٹوں کے حوالے سے شکایات کی ہیں اور ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ اسلام آباد کے علاوہ لاہور سے بھی اوسلو کے لیے خصوصی پروازیں شروع کی جائیں۔
ان لوگوں کا کہناہے کہ کورونا بحران میں عام روڈ ٹرانسپورٹ کی بندش کے باعث لاہور اور اس کے گردونواح کے علاقے میں رہنے والے نارویجین پاکستانیوں کے لیے طویل راستہ طے کرکے اسلام آباد ائیرپورٹ آنا محال ہے لہٰذا اوسلو کے لیے اسلام آباد کے علاوہ لاہور سے بھی خصوصی پروازیں شروع کی جائیں۔