وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر گزشتہ جمعے کی طرح آج بھی 12 سے 3 بجے تک سخت لاک ڈاؤن کیا جائے گا۔
اپنے ویڈیو پیغام میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مساجد میں مخصوص افراد باجماعت نماز ادا کریں، آج سے نماز تراویح شروع ہو گی جس کے لیے اسی طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ 3 سے 5 افراد مساجد میں تراویح پڑھ سکتے ہیں، باقی لوگ گھروں میں عبادات کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور ڈاکٹرز کی رائے کے مطابق ہمیں یہ مشکل فیصلہ کرنا پڑھ رہا ہے۔
خیال رہے کہ صدر عارف علوی نے علمائے کرام سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے رمضان المبارک کے دوران مساجد میں اجتماعی تراویح اور نماز ادا کی جائے گی۔
گزشتہ روز پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی نے کہا تھا کہ خدا نہ کرے وہ وقت آئے جب مریضوں کا سڑکوں پر علاج ہو، آئندہ دو سے چار ہفتے پاکستان کے لیے بہت اہم ہیں۔
ڈاکٹر اشرف نظامی کا کہنا تھا کہ تراویح اور نماز مساجد میں نہیں ہونی چاہیے کیوں کہ مساجد سے متعلق جو ایس او پیز بنائے گئے ان پر عملاً عمل درآمد نہیں ہوسکتا۔