پاکستانی فنکاروں نے برکتوں اور رحمتوں والے مہینے رمضان کریم کی آمد پر دُنیا بھر کے تمام مسلمانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے مبارکباد پیش کردی۔
دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی رحمت اور فضیلت والے مہینے کی آمد پر پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور فنکاروں نے سوشل میڈیا پر مختلف طریقوں سے تمام اہلیانِ اسلام کو رمضان کی مبارکباد دی۔
پاکستان فلم اور ڈراما انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر رمضان المبارک کے موقع پر قرآن پاک کی سورۃالاحزاب کی آیت کا ترجمہ شیئر کیا۔
حمزہ علی عباسی کی جانب سے شیئر کی جانے والی قرآن پاک کی سورۃالاحزاب کی آیت کا ترجمہ اِس طرح لکھا گیا:
حقیقت یہ ہے کہ جو مرد اور جو عورتیں مسلمان ہیں، مومن ہیں، بندگی کرنے والے ہیں، سچے ہیں، صبر کرنے والے ہیں، اللّہ کے آگے جُھک کر رہنے والے ہیں، خیرات کرنے والے ہیں، روزہ رکھنے والے ہیں، اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرنے والے ہیں اور اللّہ کو بہت زیادہ یاد کرنے والے ہیں، اللّہ نے اُن کے لیے بھی مغفرت اور بڑا اجر تیار کر رکھا ہے۔
اداکار نے ٹوئٹر پر قرآن پاک کی اِس آیت کا ترجمہ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ نے مکمل دین/ اسلام قرآن پاک کی اِ س ایک آیت میں پیش کیا ہے۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اللّہ تعالیٰ اِس رمضان میں ہمارے روزے اور ہمارے صدقات و خیرات قبول فرمائے آمین۔‘
پاکستان کے نامور ادکار نعمان اعجاز نے رمضان المبارک کے موقع پر تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں دُنیا کی موجودہ صورتحال پر چند اشعار لکھے ہیں۔
نعمان اعجاز کی پوسٹ میں اشعار کچھ اِس طرح لکھے گئے ہیں:
خدا جو خود محبت ہے
وہ کتنی دیر دیکھے گا
تڑپنا اپنے مظہر کا
نہیں وہ ویراں رکھے گا
مساجد اور محلّوں کو
خدا کو رحم آنا ہے
خدا کو رحم آئے گا
فقط تم حوصلہ رکھنا
ذرا سا فاصلہ رکھنا
جُھکا کے سر کو سجدے میں
خدا سے رابطہ رکھنا
اداکار نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’رمضان المبارک، اللّہ ہم سب کو اپنی رحمتوں سے نوازے آمین۔‘
ماہرہ خان نے ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں ایک شخص پتھروں پر تنہا بیٹھا آسمان کو دیکھ رہا ہے۔
اداکارہ نے ٹوئٹر پر یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ سب کو رمضان مبارک ہو، یہ برکت والا مہینہ ہے سب کے ساتھ حسنِ سلوک سے پیش آئیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’خاص طور پر اُن لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کریں جو تکلیف میں ہیں، آمین۔‘
منشا پاشا نے ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہمارے لیے خود سے آگے دیکھنا مشکل ہے لیکن یہ رمضان ہمارے لیے ایک اُمید ہے اور ہم سب کو اللّہ سے دُعا مانگنی ہے۔‘
اداکارہ نے لکھا کہ ’اپنے چھوٹے چھوٹے اختلافات کو خود سے دور کریں اور ایک دوسرے کی دیکھ بھال کرنے کے لیے ایک بار پھر سے اکٹھے ہوجائیں۔‘
اُنہوں نے لکھا کہ ’اِس سُرنگ میں ایک ساتھ روشنی لے کر چلتے ہیں۔‘
حال ہی میں کورونا وائرس کو شکست دینے والے پاکستان کے نامور گلوکار اور جنون بینڈ کے بانی سلمان احمد نے ٹوئٹر پر رمضان المبارک کے حوالے سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں جب اِس مقدس مہینے میں روزے رکھنا شروع کرتا ہوں تو دُنیا بھر کے اُن تمام لوگوں کے لیے دُعا کرتا ہوں جو راتوں کو بھوکے سوجاتے ہیں۔‘
سلمان احمد نے لکھا کہ ’برائے مہربانی اپنے خیالات اور دُعاؤں میں اُن لوگوں کو ضرور یاد رکھیں۔‘
گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ رمضان کریم بھی استعمال کیا۔