بھارتی فلم انڈسٹری کے نامور فنکاروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مسلمان مداحوں اور مسلمان دوستوں کو رمضان کریم کی مبارکباد دی۔
دُنیا بھر میں رمضان کریم کے مہینے کی آمد ہوگئی ہے عرب ممالک میں آج رمضان کا پہلا روزہ رکھا گیا ہے جبکہ پاکستان اور بھارت سمیت دیگر ایشیائی ممالک کے مسلمان کل یعنی 25 اپریل کو اپنا پہلا روزہ رکھیں گے۔
رمضان کریم کی آمد پر تمام مسلمان اور غیر مسلم نامور فنکار اپنے عزیز و اقارب اور مداحوں کو رمضان کریم کی مبارکباد دیتے نظر آرہے ہیں، اِن ہی لوگوں میں بھارتی فنکار بھی شامل ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے مداحوں اور مسلمان دوستوں کو رمضان کریم کی مبارکباد پیش کی۔
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار اور بِگ بی امیتابھ بچن نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک فوٹو کولاج شیئر کیا، امیتابھ بچن کی جانب سے شیئر کیے جانے والے فوٹو کولاج میں ایک تصویر میں رمضان کریم لکھا ہوا ہے جبکہ دوسری تصویر اُن کی اپنی کسی فلم کی ہے جس میں اُنہوں نے سر پر ٹوپی پہنی ہوئی ہے۔
امیتابھ بچن نے ٹوئٹر پر یہ فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’رمضان مبارک، اِس نیک موقع پر میری طرف سے آپ سب کے لیے بہت سارا پیار اور سلامتی کی دُعائیں۔‘
بالی ووڈ بِگ بی کے اِس ٹوئٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی محمد حفیظ نے جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ایک زبردست آدمی ہیں اور ایک اصلی سُپر اسٹار ہیں۔‘
بھارتی فلم اسٹار کرینہ کپور نے بھی تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک فوٹو کولاج شیئر کیا جس میں ایک تصویر میں رمضان لکھا ہوا ہے جبکہ دوسری تصویر کرینہ کپور کی ہے۔
کرینہ کپور نے انسٹاگرام پر یہ فوٹو کولاج شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے تمام مسلمان دوستوں کو رمضان الکریم کا مہینہ مبارک ہو۔‘
بھارتی اداکارہ گوہر خان نے بھی اپنے مداحوں اور دوستوں کو رمضان کی مبارکباد دی۔
گوہر خان نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں رمضان کریم کے تحفے کے لیے کچھ مٹھائیوں کی تصویر لگائی۔
بچوں کے مشہور کارٹون ’اسپنج بوب‘ کی جانب سے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر مسلمانوں کو رمضان کریم کی مبارکباد دی گئی۔
اسپنج بوب کے اِس ٹوئٹ پر بھارتی نژاد کامیڈین اداکار حسن منہاج نے اُن کا شکریہ اداکیا۔