وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں جان لیوا کورونا وائرس کے 287 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
مراد علی شاہ کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے آج مزید 3 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 78 ہوگئی۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں مریضوں کی مجموعی تعداد 4232 ہوگئی ہے جبکہ کورونا کے3352 مریض زیر علاج ہیں۔ آج کورونا کے 2599 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے 2146 مریض گھروں میں زیرعلاج ہیں، کورونا کے767مریض آئسولیشن سینٹرز اور439 اسپتالوں میں ہیں۔
صوبے میں آج 30 مریض صحتیاب ہوکر گھروں کو جا چکے، کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 802 ہوگئی ہے۔
کراچی میں کورونا کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع وسطی میں 32، ضلع شرقی میں 57، ضلع جنوبی میں 79، ضلع غربی میں 18، ملیر میں 5 اور کورنگی میں 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
صوبے کے حوالے سے کورونا کی تفصیلات بتاتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ لاڑکانہ میں کوروناکے 17، حیدرآباد میں 13، شکار پور میں 11، سکھر میں 7 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ گھروں میں رہیں، جسم میں پانی کی کمی نہ ہونے دیں، اپناخیال رکھیں، آپ کی زندگی ہمیں بہت عزیز ہے۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ ڈاکٹرز، پولیس، رینجرز اور ریونیو کے عملے کے شکرگزار ہیں کیونکہ یہ ادارے مریضوں اور عوام کی بہتری کے لیے کام کرتے ہوئے کورونا کا شکار ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو ادارے یا افراد مریضوں اور عوام میں کام کررہے ہیں وہ اپنا خاص خیال رکھیں۔