ناروے سے پاکستانی مسافروں کو لے کر پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز (پی آئی اے) کی خصوصی پرواز اتوار کو اسلام آباد پہنچ گئی۔ پاکستان کے سفارتخانے کے ایک بیان کے مطابق مسافروں میں ناروے میں رکے پاکستانیوں کے علاوہ سوئیڈن، ڈنمارک اور پولینڈ میں پھنسے ہوئے پاکستانی بھی شامل تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اوسلو ائیرپورٹ پر مسافروں کو رخصت کرنے کے لیے گذشتہ شام ناروے میں پاکستان کے سفیر ظہیرپرویز خان، ڈپٹی ہیڈ آف مشن زیب طیب عباسی اور سفارتخانے کا دیگر عملہ موجود تھا۔
سفارتخانے کی طرف سے مسافروں کو ماسک، ٹشو پیپرز اور سینیٹائزر تحفہ کے طور پر دیے گئے تاکہ وہ ان اشیاء سے حفاظتی تدابیر پر عمل کرسکیں۔ اس سے قبل یہ پرواز تین سو سے زائد نارویجین پاکستانی مسافروں کو لے کر ہفتے کے روز اسلام آباد سے اوسلو ایئرپورٹ پہنچی تھی۔
ادھر اسلام آباد میں ناروے کے سفارتخانے کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کے میں کہا گیا ہے کہ قطر ائیرویز کی دو فلائیٹس 28 اور 29 اپریل کو لاہور سے براستہ دوحہ اوسلو جائیں گی۔ ایک اور پرواز 29 اپریل کو پشاور سے دوحہ جائے گی تاکہ اس پرواز کے مسافر بھی دوحہ سے اوسلو جانے والی پروازمیں سوار ہوسکیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان خصوصی پروازوں کے لیے ٹکٹیں قطر ائیرویز کی ویب سائٹ اور کمپنی کے سیلز آفس اور متعلقہ ٹریول ایجنٹس سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
قبل ازیں، اس ماہ کے اوائل میں دو پروازیں پاکستان میں موجود سینکڑوں نارویجین پاکستانیوں کو ناروے لے جاچکی ہیں۔ یہ نارویجین پاکستانی پچھلے چند ماہ کے دوران پاکستان آئے تھے اور اب واپس اپنے اہل وعیال کے پاس ناروے جارہے ہیں۔ پی آئی اے کی پرواز 9 اپریل کو اسلام آباد سے اوسلو گئی اور اسی طرح اسکینڈے نوین ائیرلائنز (ساس) کی پرواز 11 اپریل کو اسلام آباد سے اوسلو پہنچی تھی۔
یاد رہے کہ ایک طرف کچھ لوگوں نے پی آئی اے کی طرف سے مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچانے کے لیے بروقت خصوصی آپریشنز کی تعریف کی ہے لیکن دوسری طرف پاکستان سے ناروے پہنچنے والے بہت سے مسافروں نے مہنگی ٹکٹوں کے حوالے سے شکایات بھی کی ہیں۔