بصیرپور(نامہ نگار)جنگ جیو کے ایڈیٹر انچیف میرشکیل الرحمٰن کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری اور طویل حراست کے خلاف جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن ساہیوال ڈویژن اور اوکاڑہ سےممبر صوبائی اسمبلی چودھری افتخار حسین چھچھر نے پنجاب اسمبلی میں قراردادجمع کروادی جس میں کہاگیاہے کہ صوبائی اسمبلی کا یہ ایوان میرشکیل الرحمٰن کی گرفتاری کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتاہے،حکومت اور نیب آزادی صحافت کے خلاف کارروائیاں فی الفوربندکرے ،حکومت اور نیب کے اس غیرقانونی اقدام کی وجہ سے پوری صحافی برادری سراپااحتجاج ہے ۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ حکومت اور نیب نے اس گرفتاری سے میڈیاکی آوازکو دبانے کی کوشش کی ہے جس سے صحافی برادری اورعوام الناس میں شدیدتشویش اوراضطراب پایاجاتاہے۔لہٰذاپنجاب اسمبلی کا یہ ایوان وفاقی حکومت سے پرزورمطالبہ کرتاہے کہ وہ میرشکیل الرحمٰن کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کرے۔