نئی تحقیق کے مطابق سپلیمنٹس کے استعمال سے قوت مدافعت کو مضبوط بناتے ہوئے دیگر بیماریوں سمیت عالمی وبا کورونا وائرس سے بھی بچا جا سکتا ہے ۔
امریکی اوریگون اسٹیٹ یونیورسٹی کے محقق ایڈرئین گومبارٹ کے مطابق ایک تحقیق کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وٹامن سی، ڈی کے استعمال اور دیگر بنیادی غذائی ضروریات کو پورا کرتے ہوئے ہم اس بیماری کے حملہ کرنے سے پہلے ہی اسے روک سکتے ہیں، جیسے سوشل ڈسٹینسنگ اور بار بار ہاتھ دھونے سے اس بیماری سے بچا جا سکتا ہے بالکل اسی طرح اس عالمی وبا کے دوران سپلیمنٹس کا استعمال بھی نہایت مفید ہے ۔
کن سپلیمنٹس کا استعمال ضروری ہے؟
گومبارٹ کا کہنا ہے کہ کچھ مخصوص وٹامن، منرلز اور فیٹی ایسڈ انسانی قوت مدافعت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں، وٹامن سی، ڈی، زنک، مچھلی سے حاصل کیا گیا اومیگا تھری، ڈوکوسیکسینیک ایسڈ ( ڈی ایچ اے ) یہ سب قوت مدافعت کو مضبوط بناتے ہیں، قوت مدافعت مضبوط ہو تو بیماری حملہ کرنے کے باوجود کچھ نقصان نہیں پہنچا سکتی اور انسان اسے جلدی شکست دے دیتا ہے۔
وٹامن ڈی اور سی امیون سسٹم پر کیسے اثر نداز ہوتا ہے؟
اینڈرئین گومبارٹ کے مطابق وٹامن سی انسانی صحت میں بہت اہم کردار ادا کرتا ہے، اس کے استعمال سے انسانی جسم میں اینٹی باڈیز کو بننے میں اور بیماری کے خلاف لڑنے میں مدد ملتی ہے۔
وٹامن ڈی قوت مدافعت کے خلیوں کو بہتر کام کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے اور بیماری کے حملہ کرنے پر فوراً اس پر جوابی حملہ کرنے کی بھی صلاحیت رکھتا ہے۔
سپلیمنٹس کا استعمال کیوں کیا جائے ؟
ریسرچر گومبارٹ کا کہنا ہے کہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ کووڈ 19 سے کئی ہزار افراد جہاں متاثر ہو کر موت کے منہ میں چلے گئے وہیں سیکڑوں افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں، بیماری سے لڑنا اور اسے شکست دینا مضبوط قوت مدافعت رکھنے والوں کے لیے آسان ہوتا ہے، ہماری روزانہ کی غذا میں بنیادی اور ضروری اجزا کے کم ہونے کی صورت میں اس کی کمی سپلیمنٹس کے ذریعے پوری کی جاسکتی ہے، بیماری چاہے کوئی بھی ہو مضبوط قوت مدافعت والے اس سے جیت جاتے ہیں۔
سپلیمنٹس کے استعمال سے ہمیں صحت مند رہنے کے ساتھ کسی بھی بیماری کے حملے کے بعد اس سے جلدی صحتیاب ہونے میں مدد ملتی ہے ۔
گومبارٹ کا کہنا ہے کہ اسی لیے ہم ماہرین آج کل سپلیمنٹس لینے پر زور دے رہے ہیں، روزانہ کی بنیاد پر 200 ملی گرام وٹامن سی لیں اور 2,000 انٹرنیشنل یونٹ وٹامن ڈی لیں، جب تک ویکسین تیار نہیں ہو جاتی ہمیں سپلیمنٹس کے ذریعے ہی خود کے قوت مدافعت کو اس سے لڑنے کے لیے تیار رکھنا ہوگا۔