امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ این ایف سی ایوارڈ پر ایک مستقل کمیشن بنایا جائے۔ اٹھارویں ترمیم پر حکومتی بیان بازی بے وقت کی راگنی ہے۔
سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وفاق صوبوں کے ساتھ بیٹھنے اور معاملات طے کرنے میں سنجیدگی نہیں دکھا رہا۔ قوم پر وزیروں مشیروں کے بے جا اخراجات کا بوجھ ڈالا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے وزیروں مشیروں میں اضافہ ہورہا ہے، حکومتی کارکردگی میں کمی آرہی ہے، حکومت وزراء اور بیوروکریسی کی تبدیلی کے سوااب تک کوئی کارنامہ سرانجام نہیں دے سکی۔
سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ عالمی منڈی میں تیل کے نرخوں میں مزید 15 فیصد تک کمی ہوئی ہے۔ اس لیے حکومت پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 40 روپے کمی کرے۔