اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مسلمانوں کے خلاف بھارت میں ریاستی نفرت پرسیکرٹری جنرل او آئی سی اور او آئی سی ممبر ممالک کے تمام وزراء خارجہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بھارت میں بسنے والے مسلمانوں کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دیاجارہا ہے‘ ʼکورونا جہاد، ʼبائیوجہاد، ʼکوویڈ۔19ʼ اور ʼاسلامی بغاوت وغیرہ ، کومخصوص ٹرولز سے پھیلایاجارہا ہے جنہیں حکمراں بی جے پی کا سوشل میڈیا سیل چلارہا ہے،کورونا کے پھیلاؤ کے لئے مسلمانوں کو مورد الزام ٹھہرانا انتہائی خطرناک ہے‘انڈین مسلمانوں کے حالات بد سے بد تر ہورہے ہیں ‘مسلم امہ کو فوری عملی اقدامات کرنا ہوں گے ۔خط میں کہاگیاہے کہ بھارت کے اندر سرکاری سرپرستی میں اسلام مخالف اور نفرت پر مبنی بڑھتے ہوئے جرائم بھارت میں آباد مسلمانوں کے لئے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔