پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ پاک بحریہ کے فیلڈ کمانڈرز نے ویڈیو ٹیلی کانفرنس کے ذریعے کانفرنس میں شرکت کی۔
کانفرنس کے دوران خطے کی موجودہ صورتحال، قومی سلامتی، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ٹروپس کی تربیت اور فلاحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
مزید برآں چیف آف دی نیول اسٹاف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں جموں وکشمیر میں سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر فورم کے شرکاء نے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
امیر البحر نے پیشہ وارانہ مہارت اور عزم کے ساتھ میزائل فائرنگ کے کامیاب انعقاد اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کااظہار کیا۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں آپریشنل تیاریوں کیے ساتھ ساتھ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کے روک تھام اور اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے پاک بحریہ کی امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعادہ کیا گیا۔
کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس، پاک بحریہ کا اعلیٰ فیصلہ ساز فورم ہے جس میں چیفس آف اسٹاف، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاکستان نیوی کی پالیسیوں اور منصوبہ بندی کا جائزہ لیتے ہیں۔