• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپیکر قومی اسمبلی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اسپیکر قومی اسمبلی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا 


 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔

اسد قیصر کے بھائی عبدالوحید کا کہنا ہے کہ ا‏سپیکرقومی اسمبلی کی بیٹی اور بیٹے کا ٹیسٹ بھی پازٹیو آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  ‏اسپیکر قومی اسمبلی، ان کے بیٹے اور بیٹی کے لئے دعا کریں۔

اسد قیصر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

انہوں نے پوری قوم سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے احتیاط کی اپیل کی ہے۔

 اسد قیصر نے کہا کہ مجھے دو تین دن سے بخار کی علامات تھیں، پہلے بھی ٹیسٹ کروایا تھا جو منفی آیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آج پھر ٹیسٹ کروایا تو رپورٹ مثبت آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کیا ہوا ہے، طبیعت بہتر ہے، جبکہ ڈاکٹرز نے مجھے گھر پر رہنے اور احتیاط کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے:  MPA عبدالرشید کے اہلِ خانہ بھی کورونا سے متاثر

اسد قیصر نے کہا کہ میرے بیٹے اور بیٹی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔

 واضح رہے کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری قرنطینہ میں چلے گئے، وہ دبئی سے ملتان پہنچے تھے۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی سے اپنے 2 کزنز کے ہمراہ ملتان پہنچا تھا۔

واضح رہے کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا جس کے بعد عمران اسماعیل قرنطینہ میں چلے گئے۔

 گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ دو تین دن پہلےکورونا کی علامات ظاہرہوئی تھیں۔ ابھی مجھ میں کورونا وائرس کی کوئی علامت نہیں، تاہم صحت ٹھیک ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا  کہ سارے اسٹاف اور فیملی کا ٹیسٹ کروالیا ہے، کسی کا کورونا ٹیسٹ مثبت نہیں آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اختلافات ہونا اچھا ہوتا ہے، لیکن قومی سطح پر اتحاد ہے، گورنرسندھ نے کہا کہ فی الحال اس وبا کے ساتھ جینا سیکھنا ہوگا۔

تازہ ترین