لاہور کے مزنگ اڈے کے قرنطینہ میں موجود ایک مریض نے حکومت کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ انہیں قرنطینہ میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے، حالت پر رحم کھائیں ورنہ ایسے ہی ماردیں۔
لاہور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لیبر کونسلر طارق بشیر نے روتے ہوئے حکومت سے شکوہ کیا کہ یہ کیسا علاج ہے کہ کوئی پوچھ نہیں رہا؟
اپنی ایک ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ وہ 6 روز سے مزنگ اڈے کے قرنطینہ میں انتہائی مشکل اور تکلیف دہ وقت گزار رہے ہیں، شوگر اور دل کے مریض ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی شوگر 500 سے زائد ہے، لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں، ذلیل و خوار ہو کر رہ گئے ہیں۔
اپنے روم کی حالت بتاتے ہوئے پی ٹی آئی کونسلر کا کہنا تھا کہ بیڈ ٹوٹا ہوا ہے، باتھ روم انتہائی گندے ہیں۔
انہوں نے ارباب اختیار سے انتہائی دردمندانہ اپیل کی ہے کہ ان کی حالت پر رحم کھائیں ورنہ انہیں ویسے ہی مار دیں۔