پاکستان کے معروف گلوکار علی ظفر کا گزشتہ روز دنیا سے رخصت ہونے والے بھارتی لیجنڈ اداکار رشی کپور کو یاد کرتے ہوئے کہنا ہے کہ رشی کپور مجھ میں اپنی جوانی دیکھتے تھے۔
علی ظفر نے رشی کپور کے ساتھ گُزارے لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
علی فر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’رشی کپور کا گانا ’زندگی کے دن‘ میرے بچپن کی یادوں میں سے ایک خاص یاد ہے۔ گلوکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ وہ رشی کپور کے ساتھ رقص کرنے کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں گے۔
انہوں نے لکھا کہ رشی کپور کے ساتھ پہلا سین عکسبند کروانے کے بعد میرے احساسات ناقابلِ بیان تھے۔
اُنہوں نے رشی کپور کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ رشی کپور دراز قد شخصیت کے مالک تھے، ہم میوزک اور آرٹ کے بارے میں طویل گفتگو کرتے تھے جبکہ رشی کپور کو پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرنے میں دلچسپی رہتی تھی۔
یہ بھی پڑھیے: رشی کپور بہت ہمدرد انسان تھے، میرا
گلوکار نے لکھا کہ رشی کپور نے انہیں خصوصی طور پر ’جھینگا سالن‘ کھلایا تھا اور اس کے بعد سے آج تک گلوکار ’جھینگا سالن‘ کے شیدائی ہیں۔
علی ظفر کا کہنا تھا کہ رشی کپور انہیں متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ مجھ میں اپنی جوانی دیکھتے ہیں۔
گلوکار نے لکھا کہ ’مجھے جب پتہ چلا کہ رشی کپور کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو میں اُن کی عیادت کے لیے اُن کے پاس پہنچا اور اُنہیں بتایا کہ وہ میرے خواب میں آئے تھے اور میری یہ بات سن کر وہ بہت خوش ہوئے تھے۔‘
یہ بھی پڑھیے: لتا منگیشکر نے رشی کپور کے بچپن کی تصویر شیئر کردی
اُنہوں نے لکھا کہ’ اب وہ اِس دُنیا سے چلے گئے ہیں تو میں اُن کو خواب میں ہی دیکھ سکوں گا‘۔
یاد رہے کہ علی ظفر نے رشی کپور کے ساتھ بھارتی فلم ’چشمِ بد دور‘ میں کام کیا تھا، یہ فلم 2013 میں ریلیز ہوئی تھی۔