• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کے پاکستان ہاکی پر انتہائی منفی اثرات پڑ رہے ہیں، آصف باجوہ

‏پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پاکستان ہاکی پر انتہائی منفی اثرات پڑ رہے ہیں، پاکستان ہاکی پہلے ہی مالی مسائل کی وجہ سے زوال کا شکار تھی اب صورتحال مزید گھمبیر ہو چکی ہے، کھلاڑی بے روز گار ہو رہے ہیں ۔

‏ سیکریٹری آصف باجوہ نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں التوا کا شکار ہیں، اسی طرح پاکستان ہاکی کی بھی سرگرمیاں نہیں ہو رہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کے بعد جب سرگرمیاں شروع ہوں گی تو پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ایک خطیر رقم درکار ہو گی کیونکہ سینئراور جونئیر ٹیموں کے ایونٹس کا انعقاد کرنا ہوگا، بیرون ملک ٹیموں کو بھیجنا ہو گا اور بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کرنا ہو گی، اس سب کے لیے خطیر رقم اکٹھی کرنا ایک چیلنج ہوگا۔

آصف باجوہ نے کہا کہ کھلاڑی بے روز گار ہو رہے ہیں، بیرون ملک لیگز کھیلا کرتے تھے لیکن اس برس کورونا وائرس کے باعث لیگز ہوتی دکھائی نہیں دے رہیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کے معاہدے ختم ہو رہے ہیں اوروہ مالی مسائل سے دوچار ہو رہے ہیں۔

سیکریٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ کوشش کی تھی کہ اس برس کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ایکسپوژر ملے لیکن اذلان شاہ کپ، جونیئر ایشیا کپ سینئر اور جونیئر ٹیموں کے دورہ یورپ کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

آصٖف باجوہ نے کہا کہ کھلاڑیوں کو متحرک رکھنے کے لیے انہیں ٹریننگ پلان دیا اور پھر ویڈیوز کے ذریعے ان کے فٹنس ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔

تازہ ترین