افریقی ملک سوڈان میں پھنسے ڈھائی سو سے زائد پاکستانی شہری قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز سے کراچی پہنچ گئے ہیں۔
سوڈان کے دارالحکومت خرطوم کے بین الاقوامی ایئرپورٹ سے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 786 نے جناح ٹرمینل پر لینڈ کیا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق وطن واپس لوٹنے والے لگ بھگ 252 پاکستانیوں کو کراچی ایئرپورٹ پر کورونا وائرس اسکریننگ کے عمل سے گزارا گیا۔ ان مسافروں کا سول ایوی ایشن کی ٹیم اور محکمہ صحت سندھ کے عملے نے کورونا وائرس کے حوالے سے طبی معائنہ بھی کیا۔
کورونا وائرس سے کلیئر مسافروں کو کراچی ایئرپورٹ سے خصوصی سرکاری انتظامات کے تحت نادرن بائی پاس پر قائم قرنطینہ سینٹر منتقل کیا جائے گا۔
ایسے مسافر جو ہوٹل میں قیام اور طعام کے اخراجات خود برداشت کرسکتے ہیں انہیں ایئرپورٹ کی حدود میں ہی واقع نجی ہوٹل منتقل کیا جارہا ہے جہاں انتظامیہ نے ہوٹل کے ایک مخصوص حصے کو کورونا وائرس کے قرنطینہ سینٹر کا درجہ دے رکھا ہے اور وہاں 24 گھنٹے پولیس کا پہرہ ہے۔