لاہور(نمائندہ جنگ، آئی این پی)وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ وزارت اطلاعات میں بہترین ٹیم آئی ہے، ایسی زبردست ٹیم کبھی نہیں آئی، نیب عید کے بعد دوطرفہ ٹارزن بننے جارہا ہے، لوگ 18؍ ویں ترمیم پر کچھ دو اور کچھ لو چاہ رہے ہیں، نوازشریف کے بعداب فردوس عاشق اعوان بھی کہیں گی مجھے کیوں نکالا۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ شوگر مافیا ہر پارٹی میں موجود ہے، یہ لوگ پارٹیوں کو چندہ دیتے ہیں، کوئی کابینہ ایسی نہیں دیکھی جس میں شوگر اور آٹے والے نہ ہوں لیکن عمران خان چینی آٹا مافیا کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑیں گے، تحقیقات کرنے والوں نے وقت مانگا تھا، ابھی تک آئی پی پی کا کمیشن نہیں بنا۔شیخ رشید نے کہا کہ کورونا دنیا بھر کےلیے چیلنج ہے، ریلوے کو کورونا سے 5ارب روپے کا ماہانہ نقصان ہورہا ہے لیکن کسی کو بھی ریلوے ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔ پاکستان میں کوئی لاک ڈاؤن نہیں مذاق ہو رہا ہے۔