• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور میں کورونا وائرس کا پھیلائو اور اموات لمحہ فکریہ ہے‘ اسد آفریدی

پشاور( نمائندہ خصوصی)قومی وطن پارٹی کے صوبائی سیکرٹری انفارمیشن اسد آفریدی ایڈوکیٹ نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں 10ڈاکٹروں کو وائرس لگنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں کو حفاظتی آلات کی فراہمی میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے جس کا خمیازہ نہ صرف ڈاکٹرزو میڈیکل عملہ بلکہ عوام بھی بڑی تعداد میں اموات کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا اور باالخصوص ضلع پشاور میں کورونا وائرس کی تیزی کے ساتھ پھیلائو اور اس کی بدولت ہونے والی اموات لمحہ فکریہ ہے اور اس سلسلے میں حکومت آنکھیں بند کرنے کی بجائے زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے کردار ادا کرے ۔ انھوں نے اس امر پربھی افسوس کا اظہار کیا کہ تمام تر دعوئوں کے باوجود حکومت طبی عملے کو حفاظتی آلات مہیا کرنے میں ناکام رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ڈاکٹرز،نرسز اور طبی عملہ کورونا سے پیدا ہونے والی صورتحال میں فرنٹ لائن خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور ان حالات میں حکومت کا فرض بنتا ہے کہ ان کی حفاظت کیلئے تمام ضروری سامان و آلات بروقت مہیا کرے کیونکہ اب تک بہت سے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کے افراد بھی اس مرض کا شکار ہو چکے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ یہ کس قدر افسوس کامقام ہے کہ اس امتحان کی گھڑی میں ڈاکٹرز اور میڈیکل عملہ جان کی پروا کئے بغیر قوم کی دکھوں کا مداوا کر رہاہے جبکہ بے حس حکمران ان کو حفاظتی سامان و آلات مہیا کرنے میں ناقابل معافی سستی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔
تازہ ترین