راولپنڈی( خصوصی نمائندہ) گورنمنٹ وقار النساء پوسٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی میں گزشتہ روز ڈینگی آگہی مہم کے تحت سیمینار کا اہتمام ہوا، جس میں اس پروگرام کی کوآرڈینیٹر مسز گل نسرین ، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ ذوالوجی نے اس سلسلہ میں لیکچر دیا۔ سیمینار کے بعد کالج کی پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر سائرہ مفتی اور کالج کے پروفیسر صاحبان اور طالبات نے کالج کے اندر ایک واک کا بھی اہتمام کیا ۔ دریں اثناءرکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ عوامی آگاہی اور شہریوں کی شرکت سے ڈینگی کو وبائی شکل اختیار کرنے سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس امر کا اظہار محکمہ سوشل ویلفئیر و بیت المال کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مسلم ٹاؤن راولپنڈی میں ڈینگی آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینارمیں سماجی بہبود کی تنظیموں کے نمائیندوں ، کونسلرز اور طلبہ و طالبات کے علاوہ سوشل ویلفئیر افسران عامر شہزادشاہ، آفتاب احمد راجہ، عباد ساجد ، انچار ج صنعت زار طلعت بشیر ، چیئر مین یونین کونسل 29 راجہ جبران رفاقت ، پاکستان مسلم لیگ (ن) راولپنڈی سٹی کے سینئر نائب صدر مرزا منصور بیگ، حافظ عثمان ، حاجی شوکت قریشی اور دیگر سینئر راہنماؤں نے شرکت کی ۔ بعد ازاں شرکا ء سیمینار نے عوامی آگاہی واک میں بھی شرکت کی۔ دریں اثناءصوبائی پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب عوام کو صحت و صفائی کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے لیئے کوشاں ہے ۔ اس سلسلے میں محکمہ صحت کی جانب سے سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ عوام کی آگاہی کے لیئے کوششیں بھی ضروری ہیں تاکہ وہ اس موذی مرض کا شکار ہونے سے بچائو کے لیئے تمام تر حفاظتی اقدامات سے واقف ہو ں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج رحمت آباد راولپنڈی میں منعقدہ اینٹی ڈینگی و آگاہی سیمینار کے شرکاء سے خطاب کے دوران کیا سیمینار میں پرنسپل کالج جاوید احمد, اساتدہ , معززین علاقہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اینٹی ڈینگی ڈے کے سلسلے میں گورنمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پولٹری ریسرچ راولپنڈی میں بھی آگاہی سیمینار اور واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف تھے۔تقریب کی صدارت ای ڈی اوایگریکلچر راولپنڈی ڈاکٹر شاہد ساجد نے کی جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر پولٹری انسٹی ٹیوٹ ڈاکٹر عبدالرحمان, ریسرچ آفیسرپیر مہر علی شاہ یونیورسٹی راولپنڈی ڈاکٹر طارق, مختلف محکموں کے سربراہان اور عام شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مہمان خصوصی ممبر صوبائی اسمبلی راجہ محمد حنیف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر حکومت پنجاب ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ بعدا زاںواک بھی منعقد کی گئی ۔