پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اتفاق رائے کا فقدان ہے، جس کے ذمے دار وزیراعظم عمران خان ہیں۔
ایک بیان میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم کا استعفیٰ ہم شروع دن سے مانگ رہے ہیں، اس مطالبہ کا کورونا وائرس سے پیدا صورتحال سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس مشکل صورتحال میں وزیراعظم بن کر کرسی سنبھالیں اور صوبوں کو ایک پیج پر لانے کےلیے اپنا کردار ادا کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ قومی اتفاق رائے کی ذمے داری وفاقی حکومت کی ہوتی ہے، اگر ایسا نہیں ہوتا تو عمران خان کو چاہیے کہ اس مشکل صورتحال میں خود استعفیٰ دے کر کرسی پر کسی اور کو بٹھائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کورونا سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت کی مدد کر رہی ہے، کورونا سے نمٹنے کیلئے سندھ میں فیز ٹو شروع کرہے ہیں، سب کے تعاون کی ضرورت ہوگی۔