راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) بینظیر ہسپتال میں بیت المال فنڈز سے ادویات لینے والے خوار ہو گئے۔ذرائع کے مطابق میڈیکل سوشل افسر کی عدم موجودگی میں سارے کام ایک نائب قاصد نمٹا رہا ہے۔ ہسپتال میں بیت المال کے فنڈز سے ادویات کی سہولت سے مستفید ہونے والے حقدار مریض سٹاف کی غفلت اور لاپرواہی سے پریشان ہیں، ان کے مطابق جب بھی جاتے ہیں ایک ہی جواب ملتا ہے کہ آپ کا چیک نہیں آیا۔ بہاری کالونی سے تعلق رکھنے والے ایک مریض نے بتایا کہ ادویات کا چیک خود لا کر حوالے کیا مگر پھر بھی ادویات نہیں مل رہیں۔ ان شکایات پر میڈیکل سوشل افسر اور ایم ایس ڈاکٹر رفیق سے رابطہ کیا گیا مگر اُنہوں نے فون نہیں اٹھایا۔ وہاں آنے والے مریضوں نے بتایا کہ یہاں غریبوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ مریضوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر یہاں تعینات عملے کو تبدیل کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔