• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مبینہ کرپشن اور جعلسازی، نیب سکھر نے نثار کھوڑو اور تیمور تالپور کو آج بلالیا

سکھر،کراچی (بیورو رپورٹ/اسٹاف رپورٹر) نیب نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدراوروزیراعلیٰ کے معاون خصوصی نثار کھوڑواور صوبائی وزیر نواب تیمور تالپور کے خلاف مبینہ کرپشن اورجعلسازی مقدمات کی فائل دوبار کھول دی ہے۔نیب سکھر نے دونوں رہنماؤں کو آج (بدھ) کے دن نیب کے دفتر میں تفتیش کی غرض سے طلب کیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی رہنماؤں نے اسے سیاسی معاملہ قرار دیا ہے،دوسری طرف سندھ فوڈ ڈپارٹمنٹ نے گندم کا 10ارب روپے مالیت کا اسکینڈل نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، فوڈ ڈپارٹمنٹ کے افسران کے مطابق گھوٹکی سے 10 ارب روپے مالیت کی گندم صوبہ سندھ کی مختلف جگہوں پر بھجوائی تھی مگر وہ راستے میں ہی غائب ہوگئی۔ نیب دستاویزات کے مطابق نواب تیمور تالپور کے خلاف جعلسازی و دیگر معاملات کے الزامات ہیں‘ نیب کراچی کی ڈپٹی ڈائریکٹر سیدہ رملا نقوی نے کمشنر عمر کوٹ کو اس سلسلے میں مراسلہ تحریرکیاہے۔ این این آئی کے مطابق نیب نے ڈی سی عمر کوٹ سے نواب محمد تیمور تالپور سے متعلق تفصیلات طلب کر لی ہیں، اس سلسلے میں نیب کراچی نے ڈپٹی کمشنر کو آج ثبوت اور ریکارڈ کے ساتھ طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے عمر کوٹ میں سال 2000 سے تعینات ڈپٹی کمشنرز کی فہرست بھی طلب کی گئی ہے‘ تعلقہ کنری کو ملنے والے ترقیاتی فنڈز کی تفصیل بھی طلب کی گئی ہے۔سکھر سے بیورورپورٹ کے مطابق اربوں روپے کی سرکاری گندم 6ماہ کے ادھار پر فلور ملز مالکان کو دینے کے معاملے پر نیب نے پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کو آج 6مئی کو اپنے دفتر میں طلب کیا ہے، نثار کھوڑو کا سرکاری گندم ادھار پر دینے کے حوالے سے بیان ریکارڈ کیا جائیگا۔
تازہ ترین