پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبر پختونخوا حکومت نے پرائیویٹ ہسپتال نارتھ ویسٹ جنرل ہسپتال پشاور کو تین مہینوں کے لئے کورونا وائرس ٹیسٹ کی عارضی اجازت دے دی۔ خیبر پختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کے اعلامیہ میں ہسپتال کو تمام ضابطے کی کارروائی اور محکمہ صحت کے وضع کردہ طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ہسپتال اعداد وشمار، کورونا مریضوں اور مشتبہ مریضوں کے رزلٹ اور تمام معلومات محکمہ صحت ، ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کو فراہم کرنے کا پابند ہوگا، معیار اور پروٹوکولز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ہیلتھ کیئر کمیشن مسلسل مانیٹرنگ کرے گا۔