اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کے سیکریٹری کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا۔
عدالتی حکام کے مطابق سیکریٹری ٹو چیف جسٹس اسد کھوکھر میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، انہوں نے 4 مئی اور 6 مئی کو کورونا کے ٹیسٹ کرائے تھے۔
عدالتی حکام نے بتایا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کے سیکریٹری کا آفس سیل کر دیا گیا ہے جبکہ اسد کھوکھر کو رضا کارانہ طور پر گھر میں علیحدگی اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
عدالتی حکام کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کے سیکریٹری اسد کھوکھر بخار کے باعث چند روز سے آفس نہیں آ رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیئے: کورونا کیس آنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ بند کرنے کا حکم
عدالتی حکام نے مزید بتایا ہے کہ سیکریٹری میں کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد چیف جسٹس اطہرمن اللّٰہ سمیت دیگر ججز کے بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ڈاکٹرز کی ٹیم 25 ٹیسٹنگ کٹس کے ساتھ اسلام آباد ہائی کورٹ کی ڈسپنسری پہنچ گئی ہے جہاں ہائی کورٹ کے ملازمین کے مرحلہ وار کورونا ٹیسٹ کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔