• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمیٰ صدیقی

اس ہفتے سحری اور افطاری کا اہتمام میری ’’اماں ‘‘ نے کیا ہے ۔چھٹ پٹ بنے۔ ان کے پکوان منٹوں میں چٹ پٹ ہوجائیں گے۔ان کے ہاتھ کا ذائقہ ایک دفعہ چکھ کر تو دیکھیں ،پھر بنائیں گی بار بار ۔

چکن اسٹیکس

اجزا:چکن آدھا کلو،لال مرچ آدھا چائے کا چمچہ،ہلدی دو چائے کے چمچے،گرم مسالہ ایک چائے کا چمچہ،ہری مرچیں چار عدد کٹی ہوئی،سرکہ چوتھائی چائے کا چمچہ،کریم آدھا کپ،انڈے پانچ عدد،شملہ مرچ دو عدد چکور کاٹ لیں،پیاز دو عدد چکور کاٹ لیں،بریڈ کرمزحسبِ ضرورت،تیل حسبِ ضرورت فرائی کر نے کے لیے۔

ترکیب:سب سے پہلےگوشت کی بوٹیاں بنالیں پھر ان میں لال مرچ، ہلدی، گرم مسالہ، زیرہ، ادرک، لہسن، ہری مرچیں اور کریم ملا کر میرنیٹ کرنے کے لیے رکھ دیں، پھر اس کو اتنا پکائیں کہ گوشت گل جائے پھرچولہے سے اتار لیں۔ اسٹک لیں، اس پر ایک بوٹی، ایک کیوب شملہ مرچ، ایک کیوب پیاز اور پھر بوٹی لگائیں، اس طرح اپنے حساب سے اسٹیکس تیار کرلیں، انڈے پھینٹ لیں پھر اس کو انڈے میں ڈِپ کریں بریڈ کرمز لگائیں اورتیل میں فرائی کر لیں۔

کشمیری پکوڑے

اجزاء:پیازایک عدد ,آلو ایک عدد،نمک حسب ِذائقہ، پسی ہوئی لال مرچ حسب ِذائقہ،پسا ہوادھنیاایک چھوٹاچمچہ،پساہوا زیرہ ایک چھوٹا چمچہ،انار دانہ حسبِ ذائقہ، ہری مرچ ایک یا دو عدد، لیموں آدھا، دہی دوسے تین بڑے چمچے،ہلدی ایک چوتھائی چمچہ۔

ترکیب:سب سے پہلےہری مرچ اور پیاز باریک کاٹ لیں اور آلو کدوکش میں موٹا کش کرلیں ،پھر کٹی ہوئی ہری مرچ، پیاز اور سارے مسالے ڈال کر یک جا کرلیں، آدھا لیموں نچوڑ کرمکس کریں، اب اس میں تھوڑا سا بیسن شامل کرلیں۔پھردہی ڈال کریک جا کریں، جس طرح پکوڑوں کے لیے آمیزہ بناتے ہیں مگراس میں پانی نہیں ڈالیں،یہ آمیزہ دہی ڈال کر بنتا ہےاورسخت رکھا جاتا ہے یعنی پیسٹ نرم نہ ہو۔ اس کے بعد تھوڑی دیررکھا رہنے دیں، پیاز پانی چھوڑ دے گی اورپیسٹ نرم ہو جائے گا۔ اب پکوڑے بناکرتل لیں، سنہرا ہونے پر نکال لیں۔

کیری کا شربت

اجزاء:کیری ایک کلو،چینی ایک کلو،پانی چار گلاس ۔

ترکیب: کیری کو اچھی طرح سے دھو کر اس کا چھلکا اتار لیں پھر اس میں چار گلاس پانی شامل کرکے ابال لیںاورجب کیری اچھی طرح گل جائے تو چولھا بند کر دیں۔ٹھنڈا ہونے پر ہاتھوں سے اس کا گودا نکال لیں۔جب سارا گودا اور اس کا بچا ہوا پانی کم ہوجائے تو اورپانی شامل کرلیںاور اس کو ایک کلو چینی کے ساتھ گرائنڈر میں ڈال کرگرائنڈ کر لیں۔اس کے بعد اس مکسچر کو ایک دیگچی میں ڈال کر پکا ئیں ۔ 

لکڑی کا چمچہ مسلسل چلاتے رہیں۔ جب اس کا رنگ تھوڑا تبدیل ہونا شروع ہوجائے، چینی پک جائےاور یہ گاڑھا ہوجائے تو چولہا بند کردیں۔جب ٹھنڈا ہوجائے تو ایک بوتل میں بھر کر فریج میں رکھ لیں۔ افطار کے وقت ایک گلاس ٹھنڈے پانی میں دو کھانے کے چمچے اس مکسچر کو ڈالیں اور برف ڈال کر ٹھنڈا ٹھنڈا استعمال کریں۔

فروٹ کوکٹیل

اجزاء:قلفہ آئس کریم آدھا لیٹر،فروٹ کوکٹیل ایک عدد،کریم ایک پیکٹ،لال جیلی ایک پیکٹ،چینی پسی ہوئی چار کھانے کے چمچے ،بادام، پستے ایک کپ باریک کٹے ہوئے۔

ترکیب:سب سے پہلے لال جیلی میں دو کپ پانی ڈال کر پکالیں، اب اسے فریج میں رکھ کر ٹھنڈا کرکے ٹکڑے کرلیں۔ایک برتن میں قلفہ آئس کریم، پسی چینی اور کریم کو مکس کرلیں۔پھر اس میں فروٹ کوکٹیل اور جیلی شامل کریں، اوپر بادام، پستے ڈال کر دو گھنٹے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ فروٹ کوکٹیل تیار ہے۔

لاہوری چنا چاٹ

اجزاء: کابلی چنے آدھا کلو (اُبلے ہوئے)، آلو تین عدد (اُبلے ہوئے کیوبز کی شکل میں)، ہری مرچ چار عدد (باریک کٹی ہوئی)، پیاز دو عدد (باریک کٹی ہوئی)، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچے، چینی ایک کھانے کا چمچہ،زیرہ ایک کھانے کا چمچہ (بھنا اور کٹا ہوا)،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ (پسی ہوئی)،لال مرچ ایک چائے کا چمچہ (کٹی ہوئی)، چاٹ مسالہ ایک چائے کا چمچہ،نمک ایک چائے کا چمچہ،ٹماٹر ایک عدد (باریک کٹا ہوا)، ہرا دھنیا دو کھانے کے چمچے،املی آدھا کپ،پاپڑی تین سے چار عدد۔

ترکیب: ایک پیالے میں کابلی چنے، آلو ، ہری مرچ، پیاز، لیموں کا رس، چینی، زیرہ، پسی لال مرچ، کٹی لال مرچ، چاٹ مسالہ، نمک، ٹماٹر اور ہرا دھنیا ڈال کر مکس کرلیں۔ اب اس پر ہرا دھنیا، املی کی چٹنی اور پاپڑی ڈال کر پیش کریں۔ 

تازہ ترین