پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اپنے دفاتر پیر سے کھولنے کا اعلان کردیا ہے جبکہ ذرائع کےمطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے دفاتر بھی پیر سے کھل جائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ کے مطابق پیر 11 مئی سے پی ایچ ایف کے تمام دفاتر کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
آصف باجوہ کے مطابق دفاتر کھولنے سے پہلے کورونا وائرس سے بچنے کے لیے تمام ضروری ہدایات پر عمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسٹاف کے لیے ماسک، ہینڈ سینیٹائزر اور باڈی ٹمپریچر چیک کرنے کے لیے تھرما میٹر کا انتظام کرلیا گیا ہے، اس کے علاوہ دفاتر میں سماجی فاصلے کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق پیر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے دفاتر بھی کھولے جارہے ہیں، پی سی بی دفاتر میں بھی حفاظتی تدابیر کو یقینی بنایاجائے گا، پہلے مرحلے میں پی سی بی کے ضروری اسٹاف کو بلایا جائے گا۔