کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم کے سابق غیر ملکی کوچ رولینٹ اولٹمینز کی تنقید کا پی ایچ ایف نے نوٹس لے لیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی کوچ یا سلیکشن کمیٹی کے معاملے میں پی ایچ ایف کی جانب سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی اور ہر شخص کو اس کے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے کام کرنے کی کھلی آزادی دی گئی۔ اس حوالے سے سابق کوچ سے رابطہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب رولینٹ اولٹمینز کے بیان پر 2018کی پی ایچ ایف سلیکشن کمیٹی کے سر براہ اصلاح الدین نے کہا ہے کہ بغیر ٹرائلز کے ٹیم کا انتخاب درست عمل نہیں، میں ہمیشہ دو دن کے ٹرائلز کے حق میں رہا ہوں، رولینٹ کے دور میں سلیکشن کمیٹی اور ٹیم انتظامیہ ہمیشہ ایک پیچ پر رہے۔ ٹیم کے انتخاب کے بعدناموں کی فہرست پر سلیکشن کمیٹی،ٹیم منیجر اور ہیڈ کوچ کے دستخط ہوتے تھے جو آج بھی میرے پاس ہیں۔ اس قسم کے بیان کا مقصد پاکستان ہاکی کے معاملات کو الجھاناہے۔ علاوہ ازیں قومی ہاکی ٹیم کے فارورڈ عمر بھٹہ نے کہا کہ مجھے کبھی بھی اپنے سینئر سےکوئی شکایت نہیں رہی، انہوں نے میرے ساتھ مکمل تعاون کیاجبکہ گول کیپر عمران بٹ نے کہا کہ لگتا ہے کہ2018 میں ان کی کوچنگ کے دور میں کچھ جونیئرز نے ان سے شکایت کی ہے جب ہی وہ ایسی باتیں کررہے ہیں،و ہ بہت ہی صاف گو آدمی ہیں، الزام تراشی نہیں کرسکتے ہیں۔