• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیلجیم، لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے عطیے کی اپیل

بیلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے پاکستان کے سفیر ظہیر اسلم جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کے لیے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم کے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔

ظہیر اسلم جنجوعہ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت پاکستان اپنے وسائل سے زیادہ اخراجات کر رہی ہے اس صورت حال میں صاحب حیثیت پاکستانیوں کو اپنے بہن بھائیوں کا خیال کرتے ہوئے بھر پور مدد کرنی چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ سفارت خانے کی کوشش سے بیلجیم اور لکسمبرگ میں پھنسے ہوئے 16 پاکستانی بدھ کو براستہ ایمسٹر ڈیم پاکستان جا چکے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں بیلجیم لکسمبرگ اور نیدر لینڈز کی حکومتوں کی طرف سے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ظہیر اسلم جنجوعہ نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ اپنی حکومتوں کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تا کہ خود کو اور دوسروں کو کورونا سے محفوظ رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ سفارت خانہ آپ کا گھر ہے اور ہر طرح آپ کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے یہاں مقیم کمیونٹی پر زور دیا کہ تمام پاکستانیوں کا ایمبیسی کے ساتھ رجسٹر ہونا انتہائی ضروری ہے تا کہ کسی بھی مشکل کی صورت میں فوری مدد کی جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ جب سےکورونا کی وبا پھیلی ہے سفارت خانے نے دو افسران کو 24 گھنٹے کی بنیاد پر مدد کے لیے متعین کیا ہے جبکہ بیلجیم اور لکسمبرگ میں بسنے والے پاکستانیوں سے رابطے کے لیے وٹس ایپ گروپس بھی تشکیل دیے ہیں۔ 

تازہ ترین