• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز خٹک کا پشاور سمیت صوبہ بھر میں اخبار فروش مارکیٹیں بنانے کا اعلان

پشاور(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملاکنڈ ڈویژن میں کسٹم ایکٹ کے نفاذ کا فیصلہ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا تاکہ وہاں پر موجود نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا ریکارڈ مرتب کیا جا سکے کیونکہ ملاکنڈ ڈویژن میں نان کسٹم پیڈ اور چوری کی گاڑیاں دہشت گردی کے واقعات میں استعمال ہو رہی ہیں جن کا حکومتی اداروں کے پاس کوئی ریکارڈ ہی موجود نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہائوس میں عمران خان کی پریس کانفرنس کے دوران کسٹم ایکٹ سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا ، پرویز خٹک نے کہاکہ ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں ملاکنڈ ڈویژن میں موجود نان کسٹم پیڈ گاڑیوں سے متعلق بحث ہوئی اس وقت شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ملاکنڈ ڈویژن کی نان کسٹم پیڈ اور چوری کی گاڑیاں دہشت گردی کی وارداتوں میں استعمال ہو رہی ہے اور ان گاڑیوں کا حکومت کے پاس سرے سے ریکارڈ ہی نہیں ہے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی ریکارڈ مرتب کی جائے تاکہ ان گاڑیوں کے غلط استعمال کو روکا جا سکے وزیر اعلیٰ نے واضح کیا ہے کہ ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں صوبائی حکومت نے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس ایکٹ نافذ کرنے کی سفارش نہیں کی ہے اور اب کسٹم ایکٹ کے حوالے سے جاری نوٹیفیکشن واپس لینے سے متعلق وہ سمری ارسال کر چکے ہیں ۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اخبار فروش یونین نوشہرہ کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف غریب عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے اور عوام کی فلاح کیلئے وسائل کا استعمال اس کا طرہ امتیاز ہے انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں تنخواہوں اور اجرتوں کے غیر مساوی نظام نے غریب کا ہمیشہ استحصال کیا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت اول دن سے اس فرق کو ختم کرنے اور غریب عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ صوبے کا زیادہ بجٹ تنخواہوں کی مد میں خرچ کیا گیا وزیراعلیٰ نے اخباری صنعت میں اخبار فروشوں کے کردار کو بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ اس غریب مگر انتہائی محنت کش طبقہ کی اہمیت اور ان کو درپیش دیرینہ مسائل کو کبھی محسوس نہیں کیا گیا وزیراعلیٰ نے اخبار فروشوں کو درپیش مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبہ کے تمام ضلعوں میں اخبار فروشی کی مارکیٹیں قائم کرنے کا اعلان کیا اور اس سلسلے میں سکیم آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے اخبار فروشوں کو درپیش دیگر مسائل کا بھی قابل عمل حل تلاش کرنے کی ہدایت کی ۔تقریب سے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و اعلیٰ تعلیم مشتاق غنی کے علاوہ ڈائریکٹر محکمہ اطلاعات شعیب الدین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نوشہرہ فضل حسین ، مرکزی سیکرٹری جنرل اخبار فروش یونین پاکستان ٹکا خان اور مشتاق پراچہ بھی اس موقع پر موجود تھے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اخبار فروش یونین نوشہرہ کی نومنتخب کابینہ سے باضابطہ حلف لیا ۔ نومنتخب عہدیداروں میں صدر شیر زمان ، سینئر نائب صدر دارالامان، نائب صدر محمد امتیاز، جنرل سیکرٹری محمد اختر، چیئرمین مجلس عاملہ اجمیر خان اور دیگر شامل تھے ۔ جنرل سیکرٹری محمد اختر خان نے سپاسنامہ پیش کیا جبکہ مرکزی جنرل سیکرٹری ٹکا خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا ۔
تازہ ترین