وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا ہے کہ شہباز شریف اپنے کاغذات لندن بھول آئے ہیں، مجھے نہیں امید کہ انہیں واپس لندن جانےکی اجازت ملے گی۔
ریلوے ہیڈکوارٹرز میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں مال گاڑیوں کی ڈی ریلمنٹ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں ریلوے کی فریٹ آمدن اور ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کی جامعہ پالیسی کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کوچزکی تزئین و آرائش اور ٹریک کی صورت حال پر بھی وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر نے ریلوے انتظامیہ کو ٹرین آپریشن کی بحالی کےانتظامات مکمل رکھنےکی ہدایت بھی کی اور کہا کہ وزیراعظم کی اجازت ملتے ہی ٹرین آپریشن کوجزوی بحال کیا جائے گا۔
شیخ رشیدنے کہا کہ ٹرین آپریشن کی بحالی کےبعدحفاظتی انتظامات مکمل کرنا اولین ترجیح ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ریلوے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
شیخ رشید نے کہا کہ کرپشن کی کوئی بھی اطلاع ہوگی تو عمران خان ایکشن لیں گے،وہ شوگر ملز کی رپورٹ آنے پر ضرور ایکشن لیں گے ، جبکہ آئی پی پیز کا معاملہ پانچ چھ ماہ لےگا ۔
انہوں نے شہباز شریف کی نیب انکوائری سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے شہباز شریف سےپوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ کاغذات لندن بھول آئےہیں اور اب مجھے نہیں امید کہ انہیں واپس لندن جانےکی اجازت ملے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ میں پنڈی میں رہتا ہوں، میرے دو موکل ہیں جن کی تمام چیزوں پرگہری نظر ہے، انہوں نے بتایا کہ جیسے جیسےکیس آئیں گے لوگ ٹارگٹ بنیں گے، ٹارگٹ اپوزیشن بھی ہوگی اورحکومت کےلوگ بھی ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری برادران ہمارےبھائی ہیں، ان کو کچھ نہیں ہوگا۔
شیخ رشید نے ایک بار پھر یہ بات دہرائی کہ میں بڑے پیمانے پر نیب کو ٹارزن بنتے دیکھ رہا ہوں، دونوں طرف سے لوگوں کو نیب کی زد میں آتے دیکھ رہا ہوں۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری سے بھارت سے منگوائی جانے والی 432دواؤں کوروکا گیا ہے۔
ریلوے خسارہ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ رواں ماہ ریلوے کو 5 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ 10 مئی کو 32 ٹرینیں چلائیں لیکن صوبوں نے ساتھ نہیں دیا،کوشش ہے چند روز بعد دوبارہ کیس ریویو پر لے جایا جائے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کےساتھ بھارت کوئی بھی شرارت کر سکتا ہے، بھارت نے کشمیر میں دوبارہ آگ لگانا شروع کر دی ہے۔
بین الاقوامی منظر نامے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکا کے چین پر الزامات سنگین ہوتے جا رہے ہیں ۔