شیخوپورہ ( نمائندہ جنگ )فیصل آباد روڈ کی آبادی کھاریانوالا میں بچوں کے جھگڑے پر ماں، باپ، بیٹے سمیت8افرادکو قتل کردیا گیا، ورثا نےفیصل آباد روڈ پر لاشیں رکھ کر احتجاج کیا اور ملزموں کے3 گھر جلادیئے،کھاریانوالا میں غلام رسول گروپ نے خادم حسین، بشیراں، علی شان ،دیگر کوتعاقب کرکے قتل کیا،۔ پولیس کے مطابق غلام رسول اور علی شان گروپوں کے بچوں کے درمیان11اپریل کو کھاریانوالا میں معمولی لڑائی ہوئی جہاں دو گروپوں نے ایک دوسرے پر چھریوں کلہاڑیوں سے حملہ کیا جس پربھکھی پولیس نے مقدمات درج کرکےدونوں گروپوں کے خلاف کارروائی بھی کی تھی اوربعد ازاں گاؤں کے معزز شخص نعیم شاہ نے فریقین کی صلح کرا دی مگرغلام رسول گروپ نے سابقہ رنجش کا بدلہ لینے کے لئے ہفتہ کےروز علی شان گروپ کے افراد جوتھیہ جٹاں مشمولہ کھاریانوالا میں گندم کی کٹائی کررہے تھے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جنہوں نے بھاگ کر جان بچانے کی کوشش کی مگر ملزمان نے تعاقب کرکے3مختلف مقامات پر علی شان اور اسکے باپ55سالہ خادم حسین جٹ اور والدہ50سالہ بشیراں بی بی کے علاوہ28سالہ محمد طفیل ولد نور محمد جٹ، 30سالہ یاسین ولدمنظورجٹ ،28سالہ وحید ولد منظور جٹ،28سالہ اکبر ولد شریف موچی ،30سالہ تنویر ولد اسحق موچی کو گولیاں مارکر قتل کردیا،علی شان کی والدہ بشیراں بی بی جو خاوند اور بیٹےکے لئے کھیتوں میںکھانالے کر جارہی تھی کو راستے میں جبکہ25سالہ علی شان کو ڈیرے سے دور ایک سپننگ ملز کے سامنے گولیا ں ماکر ڈھیر کردیا۔