لاہور(نمائندہ جنگ) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چوہدری برادران ہمارے اپنے ہیں،نہیں لگتا انہیں کچھ ہوگا،شہباز شریف کاغذات لندن بھول آئے، عید کے بعد حکومت اپوزیشن کے لوگ نیب کی زد میں آرہے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نیب کو بڑے پیمانے پر ٹارزن بنتے دیکھ رہا ہوں یہ وکٹ کے دونوں جانب کھیلے گا او رعید کے بعد نیب کے ریڈار پر سرکاری لوگ بھی آئیں گے ، بھارت سے جان بچانے والی ادویات منگوانے سے عمران خان اور کابینہ نے روکا ، جس دن شوگر ملوں کی فرانزک رپورٹ آئی عمران خان ایکشن لے گا آئی پی پیز کا معاملہ زیر التوا ء ہے پانچ چھ ماہ لگیں گے شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر شوق سے معلومات دینے گئے ہیں وہ بائیس پچیس ارب کی معلومات بھی دیں گے جو شریف برادران کی اولاد نے ہیر پھیر کی ،چوہدری برادران بھائی ہیں جلد ملاقات کے لئے جائوں گا وہ کورٹ میں چلے گئے ہیں تبصرہ نہیں کر وں گا، کرونا کے بعد ورلڈ آرڈر بدلتا ہوا دیکھ رہا ہوں پاکستان جغرافیائی طور پر اہم ملک ہے بھارت پاکستان میں آگ لگا سکتا ہے کشمیرکے حالات پاکستان اور بھارت میں چھوٹے بڑے تصادم کا باعث بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹارزن کی واپسی ہو گی اور اب اگر ٹارزن ایکشن نہیں لے گا تو اپنی اہمیت کھو دے گا نیب کے ٹارگٹ کے کیس ایک ہی جماعت کے ہیں اور کیسز تو بارہ بارہ چودہ چودہ سال کے ہیں لیکن عید کے بعد سرکاری لوگ بھی سامنے آئیں گے آئی پی پیز کا معاملہ زیر التوا ء ہے کمیشن کے انچارج جج کا لگنا باقی ہے اس میں پانچ سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں مسافر ٹرین آپریشن بند ہونے کے باوجود حادثات میں اضافہ سے متعلق سوال پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ فریٹ ٹرینیں ڈی ریل ہوئی ہیں ریلوے حادثات میں ڈرائیور اور کانٹے والے پکڑے جاتے ہیں مگر میں نے چیف ایگزیکٹو ریلوے سے کہا ہے کہ وہ افسران کے خلاف ایکشن لیں جو ملوث ہو گا اس کے خلاف ایکشن لیا جائے گا۔