• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ صحت عمران نیازی نے شعبہ صحت کا بیڑہ غرق کر دیا، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ وزیرِ صحت عمران نیازی نے 2 سال میں ہر شعبے کی طرح شعبۂ صحت کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے انہیں ’وزیرِ صحت‘ کہہ کر مخاطب کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیرِ صحت عمران خان کی وجہ سے اسلام آباد کے اسپتالوں کی مینجمنٹ کا برا حال ہے، ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ ہتھیاروں کے بغیر کورونا کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ‎وزیرِ صحت عمران خان نے عدالتی حکم کے باوجود اب تک پی ایم ڈی سی کو بحال نہیں ہونے دیا، ‎اسلام آباد کا سب سے بڑا اسپتال عارضی انتظام پر چل رہا ہے، ‎وزیرِ صحت عمران خان اب تک سیکریٹری صحت کا تقرر بھی عمل میں نہیں لاسکے۔

انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن عارضی انتظام پر چلایا جارہا ہے، ‎ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا مستقل سربراہ اب تک تعینات نہیں ہوسکا، ‎وزیرِ صحت عمران خان اب تک مستقل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ تعینات نہیں کرسکے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم عمران خان وزیرِ صحت عمران خان کی کرپشن کا جواب دیں، پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے تاکہ اربوں روپے کی ادویات کے اسکینڈل کی شفاف تحقیقات ہوسکیں۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ نون لیگ کے دور میں شروع ہوئے صحت کے 20 منصوبوں کو موجودہ حکومت نے ختم کر دیا، نواز شریف کے صحت کارڈ کو انصاف صحت کارڈ میں بدلنا ہی ان کی واحد کارکردگی ہے۔

تازہ ترین