لاہور(نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ماں ایک انمول رشتے کا نام ہے خالق کائنات نے انسان سے اپنے تعلق کو بھی ماں کے رشتے سے تعارف بخشا ہے جس سے اس کے مرتبہ کا اندازہ ہوتا ہے۔ماں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شہبازشریف نے کہاکہ ماں ایک سانجھے رشتہ کا نام ہے اور انسان کی جائے پناہ ہے،ہر ماں کو سلام ہے جس کی محبت، شفقت، وفا، قربانی اور خلوص سے ہی زندگی سانس لے رہی ہے۔ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ماں کے عالمی دن پر سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ میری ماں کو دنیا سے گئے تقریبا دو سال ہو چکے ہیں،امی ایک لمحہ بھی ایسا نہیں جب میں نے آپکو یاد نہ کیا ہو،آپکی یادیں اور جو کچھ زندگی کے اصول سکھائے وہ آج بھی میرے ذہن میں تازہ ہیں۔