• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ روز انتقال کرنے والے فن کی دنیا کے نامور ستارے اطہر شاہ خان عرف جیدی کی موت سے فن کے دلدادہ لوگوں میں غم کی ایک لہر دوڑ گئی ہے۔

معروف فن کارجیدی کے انتقال پر جہاں ان کے مداحوں کی بڑی تعداد افسردہ ہے وہیں ساتھی فنکاروں کو بھی جیدی کی موت کی افسوسناک خبر نے غمزدہ کردیا ہے۔

معروف میزبان و اداکار فہد مصطفیٰ، فیصل قریشی، سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ، یاسر حسین سمیت دیگر فنکاروں  نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تعزیتی پیغامات شیئر کئے۔

موجودہ فنکاروں کا کہنا ہے کہ جیدی کے جانے سے فن کی دنیا میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جسے پُر کرنا ناممکن ہوگا۔

اداکار فہد مصطفیٰ نے جیدی کے انتقال پر اپنا تعزیتی پیغام ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اطہر شاہ خان عرف جیدی کے ساتھ کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

فہد مصطفی نے یہ بھی لکھا کہ انہیں جیدی جیسے بڑے فنکار کے ساتھ کام کر کے بے حد خوشی ہوئی تھی۔

جیدی کی موت کو ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے فہد مصطفی نے لکھا کہ انہیں 2020 سے نفرت سی ہوگئی ہے کیونکہ یہ ایک بدترین سال ثابت ہورہا ہے۔

اداکار فیصل قریشی نے جیدی کی تصویریں شیئر کرتے ہوئے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ ہزاروں چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے جیدی صاحب چلے گئے۔

سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے اپنے پیغام میں مغفرت کی دعا کرتے ہوئے اطہر شاہ خان عرف جیدی کے مزاح سے بھرپور تمام حیرت انگیز کاموں کا شکریہ بھی ادا کردیا۔

کامیڈین اداکار یاسر حسین نے ماضی کے ممتاز شاعر کو لیجنڈ قرار دیتے ہوئے ایک پوسٹ شیئر کی۔


انسٹاگرام پر تصویریں شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’جیدی صاحب بھی چلے گئے۔‘

انہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ہیش ٹیگ ’لیجنڈ‘ اور ’کامیڈین‘ کا بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ فن کی دنیا کے نامور ستارے اور اپنے زمانے میں ٹی وی ناظرین کو چہرے کے تاثرات سے محظوظ کرنے والے فن کار اطہر شاہ خان جیدی طویل علالت کے بعد گزشتہ روز 77 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

ممتاز شاعر، ڈرامہ نگار اور معروف فن کار کی موت کی تصدیق اُن کے بیٹے ندیم شاہ نے کی۔

جیدی گزشتہ چند برس سے علیل تھے اور گلستان جوہر کراچی کے ایک اسپتال میں زیر علاج تھے۔

ٹیلی ویژن کے ابتدائی ڈرامہ نگاروں اور فن کاروں میں شمار کئے جانے والے اطہر شاہ خان کے ڈرامے انتظار فرمائیے میں ’جیدی‘ کے کردار نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا تھا۔

تازہ ترین