مرکزی ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے آج پھر ثابت کردیا کہ وہ وفاق کی علامت ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے ایک بیان میں مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں کورونا وائرس جیسے معاملے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بہت ہی سطحی سوچ کا مظاہرہ کیا۔
انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مدبرانہ تقریر پر حکومتی جواب غیرسنجیدگی کی انتہا ہے، حیرت ہے وزیرخارجہ کو کورونا کے خلاف جنگ میں حکومت سندھ کا قائدانہ کردار سندھ کارڈ لگ رہا ہے۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تمام صوبائی حکومتوں کے اقدامات کی تعریف کی۔ لیکن حکومت مخلصانہ پیشکش ٹھکرا کر سندھ حکومت سے لڑنے لگ جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وقت ہے وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے اور بلاوجہ کےتنازعات سے گریز کرے۔