کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ شیخ رشید کا یہ اقرار ہی تبدیلی سرکار کے گلے کی ہڈی ثابت ہوگا جس میں انہوں نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ چوہدری برادران ہمارے اپنے ہیں انہیں کچھ نہیں ہوگا۔ جس سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ تمام سیاسی انتقام انہی لوگوں کیلئے ہے جو عوام دشمن اقدامات اور 8ویں ترمیم کے خلاف کی جانے والی سازشوں کو بے نقاب کرکے تمام حقیقت قوم کے سامنے عیاں کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹاپ سول بیوروکریسی میں لاحاصل اصلاحات کا حشر میں انتخابی اصلاحات سے قدرے مختلف نہ ہوگا اور نچلے گریڈ کی ملازمتیں کم کرنا نظام کو زمین بوس کرنے کے مترادف ہوگا قوم کو بیساکھیاں نہیں حق چاہئے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان پہلے ہی ڈگریاں ہاتھوں میں لئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے اور معاشی خودکشیاں کرنے پر مجبور کردیئے گئے ہیں۔ بڑھتی ہوئی بے روزگاری لاقانونیت کے بڑھنے کا باعث بنی ہوئی ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ملک میں ایک روز کے دوران ریکارڈ کورونا کیسز نے ثابت کردیا کہ جلد بازوں کا لاک ڈائون میں نرمی کا قبل ازوقت فیصلہ قوم کو بہت بڑے اور ناقابل تلافی نقصان سے دوچار کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑا حصہ اپنی تعلیمی پسماندگی کی وجہ سے کورونا وائرس کو مہلک مرض تسلیم کرنے کو ہی تیار نہیں ایسے میں ماسک لگانا یا دستانے پہننا تو دور کی بات سماجی فاصلہ رکھنا بھلا کیونکر ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ بقاء انسانیت کیلئے تبدیلی سرکار کو بھی ہوش کے ناخن لینا پڑیں گے ورنہ تاریخ کبھی انہیں معاف نہیں کرے گی۔