فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں جون تک لاک ڈاؤن میں توسیع کردی گئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فلپائنی حکومت نے عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے منیلا میں لگائے گئے لاک ڈاؤن میں جون تک توسیع کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق فلپائن میں 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 25 اموات ریکارڈ ہوئی ہیں، جس کے بعد تعداد 751 ہوگئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق فلپائن میں ایک دن میں کورونا وائرس کے مزید 264 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں مجموعی تعداد 11 ہزار 350 ہوگئی۔
دوسری جانب ایران کی حکومت نے ملک میں عالمی وباء کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے لگائے گئے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے کورونا کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات بھی محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران میں آج سے تمام امام بارگاہیں عارضی طور پر کھول دی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رمضان میں مخصوص عبادات کے لیے تین راتوں کے دوران امام بارگاہیں کھلی رہیں گی۔
ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 6 ہزار 685 ہو گئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 1 لاکھ 9 ہزار 286 ہو گئے۔
واضح رہے کہ عالمی وباء سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 42 لاکھ 73 ہزار 104 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 2 لاکھ 87 ہزار 621 ہو گئیں۔
24 لاکھ 49 ہزار 116 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 46 ہزار 895 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 15 لاکھ 36 ہزار 367 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔