• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب بجٹ کا 35 فیصد جنوبی پنجاب پر خرچ کیا جائے گا، فیاض چوہان

وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ گزشتہ حکمرانوں نے وسائل کی تقسیم میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کیا، پنجاب کے بجٹ کا 35 فیصد حصہ اب جنوبی پنجاب پر خرچ کیا جائے گا۔

فیاض الحسن چوہان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار جنوبی پنجاب کے عوام کی تقدیر بدلنے آئے ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کی محرومی کا خاتمہ بزدار حکومت کی اولین ترجیح ہے، عثمان بزدار نے پہلے سال سے ہی جنوبی پنجاب میں بے شمار ترقیاتی کاموں کا آغاز کر دیا ہے۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ کے قیام کے لیے تین ارب روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں، تعلیم کے میدان میں خواجہ فرید آئی ٹی اینڈ انجینئرنگ یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ساؤتھ پنجاب، میر چاکر رند ٹیکنیکل یونیورسٹی چند مثالیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کے شعبہ میں ملتان اور ڈی جی خان انسٹیٹیوٹس آف کارڈیالوجی، مدر اینڈ چائلڈ اسپتال اینڈ نرسنگ کالج، نشتر اسپتال فیز ٹو کا قیام قابلِ ذکر ہیں۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ان کے علاوہ اربوں کی لاگت سے کمیونٹی ڈیویلپمنٹ، سیوریج، صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے جاری ہیں۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سردار عثمان بزدار نے پہلی دفعہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے 800 ملین مختص کیے ہیں، بزدار حکومت کا ساؤتھ پنجاب پیکج تعلیم صحت، بےروزگاری کے خاتمے، ترسیلی نظام کی بہتری، انڈسٹریل سیکٹر کا احاطہ کرتا ہے۔

تازہ ترین